اقصی شیخ,سید نعمان شاہ: ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدید لہر کے باعث درجہ حرارت منفی ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ۔
لہہ میں پارہ منفی 13 تک گر گیا، سکردو منفی 11، استور، گوپس منفی 8،کاغان ویلی میں بھی درجہ حرارت منفی 7 ڈگری، گلگت منفی 7، کوئٹہ، زیارت منفی 6، ہنزہ، بگروٹ ،دیر میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شوگراں میں درجہ حرارت منفی 1 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔پارے کا نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کے بعد کناری ڈیم کی جھیل اور علاقے کے آبشاروں اور ندی نالوں میں پانی جم گیا ہے۔ اس کے علاوہ مانسہرہ کے دیگر بالائی اور میدانی علاقے بھی خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں جہاں بالاکوٹ میں درجہ حرارت صفر اور شہر میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اپر دیر میں سردی کی شدید لہر کے بائث نزلہ زکام اور سینے کی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ اپر دیر میں کئی دنوں سے خون جما دینے والی سردی کی لہر جاری ہے۔ دیر شہر سمیت میدانی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خشک سردی کے سبب نزلہ، زکام اور سینے کی بیماریوں میں اضافہ ہو گیا ہےجس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے تاکہ بچوں کو سردی سے بچایا جا سکے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان،بالائی خیبر پختو نخوا اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش/ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ پنجاب ،بالائی/وسطی سندھ اور خیبر پختو نخوا کے بعض میدانی علا قوں میں سموگ/دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
لاہور کا موسم سرد اور خشک، فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی. موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے, آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 198 ریکارڈ کی گئی ہے، اور لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں سر فہرست ہے۔ یو ایس قونصلیٹ میں اے کیو آئی 579، اڈا پلاٹ 402، عسکری ٹین 397، فیز 8 ڈی ایچ اے 391 اور جوہر ٹاؤن میں 286 اے کیو آئی ریکارڈ کی گئی ہے، جو صحت کے لیے مضر ثابت ہو سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ اور دیگر موسمی عوامل نے موسم پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، جس کے باعث دسمبر کی سردی کا فقدان ہے۔
شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا , جہاں پارہ 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسم سرد اور خشک ہے اور آج بھی وقفے وقفے سے معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چوبیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ شمال مشرق سمت سے ہوائیں 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔ کراچی کا فضائی معیار انتہائی مضر ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ اے کیو آئی کے مطابق شہر میں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 239 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث شہر کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال پہلے، شاہرہ فیصل دوسرے اور کورنگی تیسرے نمبر پر ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔