چمن کے بے روزگاروں کے لئے 20 ہزار روپے ماہانہ امداد کا اعلان

26 Dec, 2023 | 10:06 PM

سٹی42: بلوچستان کی نگراں حکومت نے چمن کے مقامی بیروزگار افراد کو خصوصی پیکج کے تحت 20 ہزار روپے ماہانہ بے روزگاری امداد دینے کا اعلان کر دیا۔


بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نےچمن کے مقا می بے روزگار افراد کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت رجسٹرڈ افراد کو 20 ہزار روپے ماہا نہ فراہم کیے جائیں گئے کیونکہ حکومت کو چمن کے عوام کے مسائل کا ادراک ہے۔

 کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ  چمن کےرجسٹرڈ بے روزگار  افراد کو ان کے فون پر میسج موصول ہو جائیں گے اور جو  بے روزگار اب تک رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ چمن فٹبال اسٹیڈیم میں بنائے گئے خصوصی کاؤنٹر  پر آ کر اپنا نام درج کروائیں۔

جان اچکزئی نے کہا کہ نگراں حکومت کو چمن کی مقامی آبادی کی مشکلات کا احساس ہے،ان کی مشکلات کم کرنے کیلئے اقدا ما ت کر رہے ہیں۔

جان اچکزئی نے بتایا کہ چمن میں اب تک  اب تک 400 بے روزگار افراد رجسٹرڈ ہیں، جو  بے روزگار رجسٹرڈ ہونے سے رہ گئے ہیں ان کو اپنے نام درج کروانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

  انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے کوئٹہ کراچی بولان میل ٹرین کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا۔ جان اچکزئی نے کہاکہ بلوچستا ن کے عوام پاکستان کا حصہ ہیں اور  فوج کے ساتھ ہیں اور صوبے میں لسانی قومی نفرت کو پھیلانے والوں کیخلاف خلاف ہیں، چیف آف آرمی اسٹاف کا کرسمس پر مسیحی برادری  کیلئے پیغام اچھا ہے۔ ساری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں کے ساتھ قومی کرکٹ بورڈ کا رویہ متعصبانہ ہے حالانکہ یہاں کے نوجوانوں کو موقع فراہم کرنا قومی بورڈ کی ذمہ داری ہے، قومی کرکٹر احمد شہزاد کا اس ضمن میں آواز اٹھانا ہمارے لئے خوشی اور اطمنان کی بات ہے۔ احمد شہزاد جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور یہاں نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل سے متعلق مسائل حل کریں گے ۔

مزیدخبریں