ویب ڈیسک: کراچی کی عوام ڈاکوؤں کے خلاف میدان میں آگئی، مختلف مقامات پر پولیس مقابلے اور عوام کے تشدد سے 3 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کرنے والوں کو عوام نے آڑے ہاتھوں لے لیا، اس معاملے میں پولیس نے بھی بڑی بہادری کا مظاہرہ کیا، لوگوں کی قیمتی اشیاء لوٹنے والوں کو کئی مقامات پر درگت کا نشانہ بنایا گیا، کئی ڈاکو پولیس مقابلے میں مارے گئے، جبکہ عوام کے تشدد سے زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو پولیس نے فوری طور پر گرفتار کیا۔
جلیبی چوک پر پولیس مقابلے میں1 ڈاکو کو ہلاک ہو گیا، پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ ملا ہے، ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اس کے علاوہ کورنگی نورانی بستی کے قریب پولیس مقابلے میں 1 ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے،ملزم سمیر کے قبضے سے بھی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 اور گلستانِ جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب عوام کے تشدد اور فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک اور 1 زخمی ہو گیا جبکہ ڈاکو کی فائرنگ سے 1 شہری بھی زخمی ہوا ہے۔
اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو ہلاک، پولیس کے مطابق فیصل نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے قبضے سے پولیس نے پستول بھی برآمد کیا ہے۔
ڈیفنس فیز 5 میں واقع گرڈ اسٹیشن سے ہائی وولٹیج تانبے کے قیمتی تار کاٹ کر چوری میں مصروف ملزم کو پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عارف کے قبضے سے چوری شدہ تانبے کے قیمتی ہائی وولٹیج تار برآمد کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ڈیفنس فیز 2، لانڈھی قذافی ٹاؤن، قصبہ میانوالی کالونی، منگھو پیر پٹھان کالونی اور کورنگی اللّٰہ والا ٹاؤن میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں 4 سالہ بچی سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔