ٹیکس اہداف پر آئی ایم ایف نے پاکستان سے اتفاق کرلیا

26 Dec, 2020 | 04:31 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : پاکستان اور آئی ایم ایف کا ٹیکس اہداف برقرار رکھنے پر اتفاق ہو گیا،رواں سال ٹیکس ہدف پر نظر ثانی نہیں کی جائے گی۔

 ذرائع کا کہناہےکہ 30 جون تک 4963 ارب روپے کا ٹیکس ہدف برقرار رہےگا۔رواں سال عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے مختلف انتظامی اور انفورسمنٹ اقدامات کیے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کاوصولیوں کاہدف حاصل کر لیاجائے گا۔

 خیال رہے پانچ ماہ میں ایف بی آر نے ٹیکسوں کے مقررہ اہداف حاصل کرلیے ہیں۔ایف بی آرکی ٹیکس وصولیاں اہداف سے زیادہ رہی ہیں۔ جولائی سے نومبر تک ایک ہزار 688  ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گراس ریونیو ایک ہزار 773 ارب روپےاکھٹا کیا ہے۔

یاد رہے لاہور سمیت پنجاب بھر میں بڑی شاہراہوں پر موجود جائیدادوں سے ٹیکس لینے فیصلہ کیا گیا ہے، صوبہ بھر میں بڑی شاہراہوں پر جائیدادوں کی نشاندہی کے لئے جنوری سے سروے کا حکم دے دیا گیا ہے، ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس لینے کے لئے ہائی ویز پر کمرشل اور ڈومیسٹک 920 پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں کمرشل و رہائشی جائیدادوں کا سروے کیا جائے گا۔

ڈی سی ریٹ کے مطابق جائیداد کے مالیت کا ایک فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا، محکمہ ایکسائز نے ٹیکس لینے کے لئے 6 لاکھ سے زائد جائیدادوں کا ہدف مقرر کیا ہے، اگلے مالی سال سے نئے ٹیکس کی وصولی کیلئے بھی 2ارب کا ہدف مقرر کردیا ہے، ہائی ویز پر جائیدادوں سے ٹیکس لینے کے لئے قانون کی منظوری کے بعد رولز بھی منظور کرلئے گئے، رواں مالی سال کورونا کے باعث سروے نہ ہونے سے ٹیکس نہیں لیا جاسکا۔

مزیدخبریں