(سپورٹس ڈیسک) ماؤنٹ منگنوئی میں جاری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے کمنٹری کے جوہر دکھائے۔
پاکستانی اوپنر امام الحق نے کیوی کمنٹیٹرز کریگ میک ملن اور برینڈن میک کولم کے ہمراہ پُراعتماد انداز سے کمنٹری کی، امام الحق انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہ کرسکے، کمنٹری کرتے ہوئےامام الحق کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جو سو فیصد کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا وہ اور بابر اعظم پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ امید ہے تین سے چار دن میں مکمل فٹ ہو جائیں گے۔
دوسری جانب انجرڈ امام الحق نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر ہوگئے، ٹیم منیجمنٹ نے انھیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا، امام الحق کل شام آکلینڈ سے لاہور روانہ ہوجائیں گے جبکہ بابر اعظم نے ہارڈ بال سے ناکنگ کا آغاز کردیا،ان کی دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا اختتام پر کیویز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لئے۔کپتان کین ولیم سن94 اور ہنری نکولس 40 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔