کورونا کے پھیلاؤ کاذمہ دار کون؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے بتادیا

26 Dec, 2020 | 03:00 PM

M .SAJID .KHAN

(قیصرکھوکھر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں طبیعت روز بروز بہتر ہو رہی ہے ، ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق آئسولیشن میں ہوں جبکہ صوبے کے ضروری انتظامی امور گھر سے باقاعدگی سے نمٹا رہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحتیابی کے لئے دعاؤ ں پر عوام کا شکر گزار ہوں، کورونا کی موجودہ صورتحال میں اجتماعات کرنا عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے عوامی اجتماعات کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا، ہمیں بحیثیت قوم اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے ۔ عوام کی زندگیوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی،وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آگیا تھا۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر عثمان بزدارنے خود گھر میں آئسولیٹ کرلیا تھا۔ قبل ازیں ڈاکٹرز نے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب کو عارضی طور پر تمام سیاسی و دفتری مصروفیات ترک کرکے آرام کا مشورہ دیا تھا۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا کہناتھا کہ  اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور عوام کی دعاؤ ں سے طبیعت بہتر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وباء کے دوران احتیاط کریں۔ انسداد کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنائے گا۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے۔ عوام ہجوم والی جگہ پر جانے سے گریز کریں۔

مزیدخبریں