پاکستان میں کورونا کس طرح پھیلا ؟ تہلکہ خیز انکشاف

26 Dec, 2020 | 02:25 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 :پاکستان میں 26فروری 2020کو پہلاکورونا مثبت کیس سامنے آیا۔ ملک میں کورونا کس طرح پھیلا ؟؟؟کون کون سی غلطیاں اور حکمت عملی مہلک وائرس کے پھیلاؤکاباعث بنیں؟  تہلکہ خیز رپورٹ سامنے آگئی ۔


بلاجازت آدھمکنے والےاوربن بلائے مہمان ،کورونا کو وطنِ عزیز میں باقاعدہ بلاوا بھیجا گیا،ہمسایہ ملک ایران نے پاکستانی زائرین کو دونوں ممالک کی سرحد پر موجود بفر زون میں بھیج دیا۔حکومت پر ناقص سفارتکاری کا الزام لگا یاگیا اور وجہ تھی بھارتی زائرین کوحکومتِ ایران کی جانب سے ایران ہی میں قرنطینہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی۔ برادر مسلم ملک ہونے کے باوجود پاکستانی حکومت یہی انتظام اپنے زائرین کیلئے کروانے میں ناکام رہی۔

حکومتِ پاکستان زائرین کو تفتان میں قائم کردہ خیمہ بستی قرنطینہ لے آئی۔ہزاروں زائرین کو علیحدہ علیحدہ رکھنے کے بجائے ایک ساتھ رکھا گیا ۔ یوں جسے کورونا نہیں بھی تھا وہ بھی اس کا شکار ہوگیا۔ پھر یہی زائرین اپنے اپنے گھروں کو بھیج دیے گئے۔


دوسری جانب رائیونڈ لاہور میں تبلیغی اجتماع کا انعقاد ہونے دیا گیا۔ اس اجتماع کے بعد ملک میں کرونا پھیلاؤ میں شدت آگئی۔اس ناقص منصوبہ بندی پر، اپوزیشن ،میڈیا اورڈاکٹرز حکومت پر تنقید کرتے رہے۔مگرحکومت کی ایک غلطی ایسی بھی ہے جو کرونا کے پھیلاؤ کی اصل وجہ تھی۔ اور وہ ہے پاس پڑوس کے ممالک میں کرونا کے پھیلاؤ کے باوجود10لاکھ افراد کا واردِ پاکستان ہونا تھا۔حکومت نے بہت بعد میں پروازیں بند اور محدود کیں۔یعنی اس وقت جب کورونا ملک بھرمیں سرایت کرچکا تھا۔

یاد رہے کورونا وائرس مزید 63زندگیاں نگل گیا۔ملک میں 24 گھنٹوں میں کوروناسے مزید63افراد موت کے منہ میں چلے گئے،ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 9ہزار816ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں کوروناکے مزید 2 ہزار260کیس رپوٹ ہوئے جس سے ملک بھرمیں کوروناکیسز کی تعداد 4 لاکھ 69 ہزار 482 ہوگئی، ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران 36 ہزار 909 کوروناٹیسٹ کئے گئے،ملک بھرمیں کوروناایکٹوکیسزکی تعداد 39 ہزار 177 ہوگئی،ملک بھرمیں کوروناسے متاثر 4 لاکھ 20 ہزار 489 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں