(جنید ریاض) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا تعلیمی اداروں کی بندش پر کہا بطور وفاقی وزیر تعلیم میں چاہتا ہوں تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں، جونہی کورونا کے حوالے سے صحت کی صورتحال بہتر ہوگی بچوں کے لئےتعلیمی اداروں کے دروازے کھول دیئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی اداروں کی بندش پر ٹویٹ کیا۔شفقت محمود کا کہنا ہے کہ بطور وفاقی وزیر تعلیم وہ چاہتے ہیں تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں۔ان کا کہنا ہے کہ مجھے بچوں کے تعلیمی نقصان پر بہت دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث سب سے زیادہ تعلیمی نقصان پرائمری سکول کے بچوں کا ہوا ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر بچوں کو ترجیح دی جائے گی اور انھیں تعلیمی اداروں میں بلوا لیا جائے گا۔
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 4 جنوری کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی میٹنگ ہو گی، میٹنگ میں حالات کا جائزہ لیا جائے گا، ہماری کوشش ہے تعلیمی ادارے جلد کھولے جائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے تعلیمی ادارے کھلنے کا فیصلہ 4 جنوری کو ہوگا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزارت تعلیم شفقت محمود نے 30 دسمبر کو لاہور میں بین الصوبائی وزراء تعلیم کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں بورڈز کے تحت امتحانات کے انعقاد اور نیا تعلیمی سال اگست سے شروع کرنے پرحتمی فیصلہ ہوگا۔وفاقی وزیرتعلیم نے آئندہ سال تعلیمی اداروں سے متعلق منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینے کے لئے چاروں صوبوں کے وزراء تعلیم کو اجلاس میں شرکت کے لئے طلب کیا۔