( سٹی42) سپریم کورٹ نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کو پنجاب کی 56 کمپنیوں سے علیحدہ کرنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نیب کو 29 دسمبر کیلئے نوٹس جاری کردیئے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار سیف سٹی اتھارٹی کے ملک علی عامر اور سی ای او اکبر ناصر خان عدالت میں پیش ہوئے، درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب کی 56 کمپنیوں میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کو شامل کرلیا گیا ہے۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کمپنیوں کی تعریف میں نہیں آتی، اکبر ناصر خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے 56 کمپنیوں کے حکم میں سیف سٹی اتھارٹی کو شامل کرکے نیب نے تحقیقات بھی شروع کررکھی ہیں۔ سیف سٹی اتھارٹی کو 56 کمپنیوں سے علیحدہ کیا جائے،عدالت نے معاملے پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 دسمبر تک ملتوی کردی۔