وزیر صحت پنجاب کو 279 وینٹی لیٹرز منگوانے کیلئے 4 ماہ کا وقت مل گیا

26 Dec, 2018 | 12:13 PM

Sughra Afzal

 (ملک اشرف) چیف جسٹس پاکستان نے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی پراظہار برہمی کرتے ہوئے 279 وینٹی لیٹرز کو منگوانے کے لیے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو 4 ماہ کا وقت دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی پر کیس سماعت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر افسر پیش ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت کو بتایا کہ وینٹی لیٹر کی خریداری سے متعلق سمری وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس پڑی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بد قسمتی ہے کہ امیر کی جان بچانے کیلئے غریب کا وینٹی لیٹر اتار دیا جاتا ہے، حکمران وینٹی لیٹرز کو مذاق سمجھ بیٹھے ہیں۔

چیف جسٹس کے استفسار پر وزیر صحت نے بتایا کہ پچھلی حکومت کے وزیر نے سمری پر دستخط نہیں کیے، موجودہ وزیر پیپرا رولز کے تحت دستخط کر نہیں سکتی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 279 وینٹی لیٹرز کے لیے رولز میں رعایت کے حوالے سے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ  کیا وینٹی لیٹرز کے بغیر ہسپتال چل سکتے ہیں۔

 ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت کو بتایا کہ وہ خودذاتی طور پر اس مسئلے کو دیکھیں گی۔ دس دن میں سمری منظور کرا لیں گے۔

مزیدخبریں