(سٹی42) ایف بی آر کے بی ٹی بی زون نےشہر کے مختلف علاقوں میں بھاری بھر کم کرایوں پر دی گئی کمرشل و رہائشی عمارتوں کا خفیہ سروے شروع کردیا، کرایوں کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپےوصول کرنے والے بلڈنگ مالکان کے ٹیکس معاملات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے براڈننگ آف ٹیکس بیس زون نے ڈی ایچ اے،ماڈل ٹاؤن، کینٹ، گلبرگ، علامہ اقبال ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، شادمان، شاہ جمال، ٹاؤن شپ، انارکلی، گڑھی شاہو، فیصل ٹاؤن اورگارڈن ٹاؤن سمیت شہر کے تمام علاقوں میں کرایہ پر دی گئیں کمرشل و رہائشی عمارتوں کا خفیہ سروے شروع کردیا ہے۔
کمشنر بی ٹی بی لاہور ڈاکٹر یاسمین فاطمہ نے سٹی فورٹی ٹو کے پروگرام سٹی ایٹ ٹین میں گفتگو کرتےہوئے بتایا کہ پی آئی ٹی بی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے کمرشل ورہائشی عمارتوں کا ریکارڈ اکٹھا کیا جارہاہے۔ ایف بی آر "رینٹیڈ بلڈنگز"کا خفیہ سروے مکمل کرنے کے بعد بھاری بھر کم کرائے دینے اور کرائے وصول کرنے والوں کے ٹیکس معاملات کی جانچ پڑتال کرے گا۔ کرایوں کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے ادائیگی کرنے کے باوجود ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونےوالے شہریوں کو نوٹسز جاری کر کے ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا ۔ایف بی آر کمرشل عمارتوں کا ماہانہ لاکھوں روپے کرایہ لے کر انکم ٹیکس گوشواروں میں ظاہرنہ کرنے والے بلڈنگ مالکان کے خلاف بھی کارروائی کرے گا۔