بجٹ رپورٹ جاری، متعدد محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

26 Dec, 2017 | 08:12 PM

عثمان علیم

  (سٹی 42)بجٹ کارکردگی رپورٹ نے مختلف محکموں کے ترقیاتی منصوبوں پر کیے گئے اخراجات کا پول کھول دیا۔ متعدد محکمے جاری شدہ بجٹ کا چھ ماہ میں 50 فیصد بھی استعمال نہ کر سکے۔

محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے احکامات پر تمام صوبائی محکموں کی شش ماہی بجٹ کارکردگی رپورٹ تیار کر گئی۔ محکموں کی تاحال کارکردگی کی رپورٹ کے مطابق سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے۔

محکمہ خزانہ کی جانب سےسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کے جاری ا ور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے چھ ماہ میں 5 ارب 58 کروڑ کے بجٹ جاری کیا گیا  جس  میں سے تاحال 12 فیصد استعمال کیا گیا۔

محکمہ ہاوسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ جاری شدہ 33 ارب 16 کروڑ میں سے صرف 44 فیصد بجٹ استعمال کر سکا۔ سوشل ویلفیئر کو 28 کروڑ ترقیاتی منصوبوں کی مد میں جاری  کیے گئے جبکہ خرچ صرف 24 فیصد کیا جا سکا۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ سٹی ڈسٹرکٹ کی سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآ٘مد کرانے کے حوالے سے کارکردگی انتہائی ناقص رہی ۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ کو چھ ارب 38 کروڑ کے جاری شدہ بجٹ میں سے لوکل گورنمنٹ صرف 16 فیصد استعمال کر سکی ۔

اسی طرح محکمہ تعمیرات و مواصلات جاری شدہ 97 ارب 94 کروڑ کا 37 فیصد خرچ کر سکا۔ محکمہ زراعت 13 ارب 95 کروڑ 60 لاکھ میں سے صرف 36 فیصد استعمال ہوا۔ رپورٹ کے مطابق متعدد محکمے چھ ماہ میں جاری شدہ بجٹ کا 50 فیصد بھی  استعمال میں نہ لاسکے۔ جس کے باعث مختلف محکموں کی ترقیاتی سکیمیں بڑے پیمانے پر متاثر اور سست روی کا شکار ہیں ۔

مزید دیکھیے:

مزیدخبریں