رنگ روڈ ویسٹرن لوپ منصوبہ تیار، زمین کی خریداری پر 10 ارب لاگت آئیگی

26 Dec, 2017 | 11:54 AM

(درنایاب) ملتان روڈ سے بابو صابو سے قبل رنگ روڈ ملانے کے لئے 7 کلومیٹر طویل سدرن لوپ فور اور بابو صابو ، دریائے راوی سے موٹروے تک16 کلومیٹر ویسٹرن لوپ کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔ 23 کلومیٹر طویل ایس ایل فور اور ویسٹرن لوپ کی لینڈ ایکوزیشن پر 10 ارب روپے لاگت آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایل فور اور ویسٹرن لوپ کی الائنمنٹ اور لینڈ ایکوزیشن کی منظوری کے لئے کونسل کمیٹی کا جلاس بھی طلب کرلیا گیا۔ کونسل کمیٹی کے چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب اجلاس کی صدارت کریں گے۔ رنگ روڈ پولیس کی نیشنل ہائی وے پولیس کی طرز پر تشکیل نو کی جائے گی۔ رنگ روڈ پولیس میں 300 اہلکاروں کے بعد مزید 300 اہلکاروں کی بھرتی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تعداد مکمل ہونے پر ٹریفک پولیس کے 110 وارڈنز واپس بھجوا دیئے جائیں گے۔

چیئرمین پی اینڈ ڈی، آئی جی پنجاب، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری فنانس اور چیئر پرسن رنگ روڈ اتھارٹی کمشنر لاہور کونسل کمیٹی کے ممبر ہیں۔ کونسل کمیٹی میں 3 نکاتی ایجنڈا منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ رنگ روڈ پولیس کی بھرتی اور ان کی مستقلی، ایس ایل فور اور ویسٹرن لوپ کی الائنمنٹ اور لینڈ ایکوزیشن کے فیز ون کی منظوری شامل ہے۔

ڈائریکٹر کنٹریکٹس رنگ روڈ اتھارٹی الیاس شاہ نے کہا ہے کہ رنگ روڈ پولیس کی صوبائی سطح پر تشکیل نو کے لئے ایکٹ میں تبدیلی کی ضرورت نہیں۔ رنگ روڈاتھارٹی ایسے فیصلوں میں خود مختار ہے۔ چالانوں کی آمدن فنانس ڈیپارٹمنٹ کو جاتی ہے۔ پولیس کی تنخواہیں بھی وہیں سے ادا ہوں گی۔

مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں

مزیدخبریں