سٹی42: بلوچستان میں دہشتگردی کے نتیجہ میں بلوچستان کا باقی پاکستان سے ٹرین کے ذریعہ رابطہ ہنوزمنقطع ہے۔ اس دوران دہشتگردی کے مزید واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں جن کے نتیجہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دہشتگردوں نےبولان کولپور کے مقام پر مچھ ریلوے ٹریک پل دھماکے سے تباہ کر دیا تھاجس کے نتیجہ میں ریلوے ٹریک ٹوٹ گیا ور بلوچستان سے پنجاب اور سندھ کے لئے ٹرین سروس معطل ہو گئی۔
کوئٹہ سے کراچی آنیوالی ٹرین بولان میل بھی ٹریک بند ہو جانے کے سبب کوؤٹہ سے کراچی کے لئے روانہ نہیں ہوسکی۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ ریلوے ٹریک پل بحال ہونے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔
سیکورٹی کلئرنس ملنے کے بعد ریلوے پل ٹریک کی تعمیر کا کام شروع ہوگا۔
لاہور سے ریلوے ہیڈکوارٹرز کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ریلوے ٹریک کی عدم دستیابی کے سبب جعفر ایکسپریس کو دو روز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔جعفر ایکسپریس پشاور سے لاہور اور لاہور سے کوئٹہ جاتی ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کوئٹہ سے سبی ٹرین آپریشن بھی معطل ہو گیا ہے۔ کوئی مسافر یا ریلوے ملازم زخمی نہیں ہوا۔ حادثے کے کچھ ہی دیر کے بعد پل کی بحالی کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔
سریاب روڈ کے قریب ر یلوے ٹریک پر دھماکہ
سریاب روڈ ماسٹر کالونی کے پاس 5 بجے کے قریب دہشت گردوں نے پٹری کو دھماکے سے اڑا دیا ۔
پشین میں حساس ادارے کے آفس پر دستی بم حملہ
پشین میں شر پسندوں نے حساس ادارہ کے دفتر پر دور سے ایک ہینڈ گرنیڈ اچھال دیا۔ اس بزدلانہ حملے سے کمرے کی چھٹ کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔