سٹی42: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز کپ سے ڈومیسٹک کرکٹ بہتر ہو گی۔ چیمپئینز کپ کے اختتام پر ہمارے پاس 150 کھلاڑی سلیکشن کیلئے موجود ہوں گے۔
محسن نقوی کے قذافی سٹیڈیم میں پالستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام چیمپئینز کپ اور قومی کرکٹ کے دیگر امور سے متعلق نیوز کانفرنس میں محسن نقوی نے بتایا کہ چیمپئنز کپ ستمبر کے آخری ہفتہ میں ختم ہو جائے گا۔ تمام کھلاڑیوں کا ریکارڈ موجود ہو گا۔ آئندہ سلیکشن میں بہترین کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔یہ 150 کھلاڑی بلکل میرٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔ محسن نقوی نے بتایا کہ وقار یونس بطور مینٹور چیمپئنز کپ کی ایک ٹیم کو سنبھالیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی سافٹ وئیر نہیں کہ پلیئر تیار کر لئے جائیں۔
محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے ساتھ حالیہ ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی بہت بری پرفامنس کے حوالے سے سوالات کے جواب میں کہا، بنگلہ دیش کےخلاف میچ میں شکست مایوس کن نہیں انتہائی مایوس کن ہے۔ پچ سمیت دیگر تمام مسائل کا جائزہ لیں گے۔
محسن نقوی نے قومی کرکٹ کے مسائل کے حوالے سے سوالات کے جواب میں کہا کہ میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں، قومی ٹیم کا یہ حال ابھی سے نہیں، 3 سال سے ہے۔
محسن نقوی نے سوالات کے جواب میں کہا کہ جب میں پی سی بی کا چئیرمین بنا تو میرے جوائن کرنے کے تیسرے یا چوتھے دن ہی لوگوں کی خواہش تھی کہ استعفیٰ دے کر چلا جاؤں۔ میں چلا جاؤں گا لیکن کرکٹ کو ٹھیک کرکے ہی جاؤں گا،
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کی تاخیر "یوٹرن" نہیں کراچی ٹیسٹ کی تاریخ ایک سال پہلے طے ہوئی تھی۔ اب ترقیاتی کاموں کی وجہ سے سب کی مشاورت سے کراچی ٹیسٹ کا وینیو تبدیل کیا گیا ہے۔