راؤ دلشاد : وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہر میں روٹی مقررہ نرخ سے زائد فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مری سے لاہور پہنچتے ہی پرائس کنٹرول پر خصوصی اجلاس طلب کر لیا، جس میں مریم نواز کو اشیاء ضروریہ کے نرخ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ نے پرائس کنٹرول چیکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ضروری اشیاء خورد و نوش کے نرخ تمام دوسرے صوبوں کی نسبت سب سے کم ہے ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں پرائس کنٹرول پر اظہار اطمینان کیا،اور انتظامی کاوشوں کو سراہا ۔ مریم نواز نے صوبہ بھر میں روٹی کی مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہر ضلع میں اشیائے خورد نوش کے نرخ الگ الگ جائزہ لیا ، انہوں نے روٹی اور آٹا کے نرخ بھی معلوم کیے۔
مریم نواز نے کہاکہ کسی بھی شہر میں روٹی مقررہ نرخ سے زائد فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے ۔ صوبہ بھر کی عوام کو کنٹرولڈ ریٹ پر آٹا فراہم کیا جائے۔
سینٹر پرویز رشید ، چیئرپرسن ٹاسک فورس سلمہ بٹ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان ، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری انڈسٹری، سیکرٹری زراعت اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔