ویب ڈیسک: پاکستانی ٹک ٹاکر اور انکے منگیتر کی سکھر اولڈ نیشنل ہائی وے پر کار سےتشدد زدہ لاشیں برآمد ہونے پر ہر جانب کہرام مچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیرپور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو معروف پاکستانی ٹک ٹاکرز اپنی گاڑی میں مردہ پائے گئے، لاشیں نامور ٹک ٹاکر سیما خاصخیلی اور انکے منگیتر ظفر عباس حاجانو کی ہیں۔
اس حوالے سے خیر پور ڈسٹرکٹ کے اے سیکشن پولیس اسٹیشن پر تعینات حکام نے بتایا کہ جاں بحق شہریوں کی تشدد زدہ لاشیں ایک کار سے بر آمد ہوئیں ہیں جو پرانی قومی شاہراہ کے ساتھ واقع ایرانی کوثر ہسپتال کے قریب کھڑی پائی گئی۔
ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا کہ لاشیں تین دن پرانی ہیں اور گاڑی 2 روز قبل اس مقام پر کھڑی کی گئی تھی، پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال خیرپور منتقل کردیا۔
دوسری جانب سیما خاصخیلی کے اہل خانہ کے مطابق بیٹی کے قتل میں اسکے سابقہ شوہر کا ہاتھ ہے،سیما خاصخیلی کے والدین نے میڈیا کو بتایا کہ بیٹی کی پنوں عاقل کے رہائشی یاسین اندھر سے شادی ہوئی تھی لیکن ظفر عباس حاجانو سے محبت ہونے کے بعد طلاق ہوگئی، وہ دونوں شادی کرنے والے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیما خاصخیلی تین روز قبل بازار گئی تھی اور اس کے بعد گھر نہیں لوٹی، ان کا کہنا تھا کہ ہم نےکافی تلاش کیا مگر وہ نہیں ملی، اپنی بیٹی کے بارے میں ہفتے کے روز اس وقت پتا چلا جب پولیس نے انہیں ایک گاڑی میں ظفر عباس حاجانو کی لاش کے ساتھ ملنے کی اطلاع دی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نجی نیوز چینل کو موصول ہوگئی، جس کے مطابق 22 اگست رات 8 بجے خیبر کار آکر رکی، کار رکنے کے بعد ایک شخص کار سے اتر کر فرار ہو رہا ہے، کار سے اترنے والا شخص سفید کپڑوں میں ملبوس اور کار سے اتر کر وہاں سے بھاگ گیا۔
پولیس کا کہنا ہےسی سی ٹی وی میں کار سے اتر کر فرار ہونے والے شخص کو شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔