علی ساہی: جیل افسران نے سرکاری گاڑیوں کو ذاتی گاڑیاں قرار دے دیا،جیلوں سے تبادلے کےبعد گاڑیاں سپرنٹنڈنٹس کو فراہم کرنے کی بجائےاپنے ذاتی استعمال میں رکھنے لگے۔
تفصیلات کےمطابق نئے تعینات ہونے والے ڈی آئی جیز اور سپرنٹنڈنٹس سرکاری گاڑیوں سے محروم ہیں، آئی جی جیل نےسرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کو روکنے کےلئے مراسلہ جاری کردیا،پنجاب میں ریجنل دفاترو جیلوں کو سرکاری گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں اور ان گاڑیوں کی الاٹمنٹ دفاتر و جیلوں کے ساتھ کی گئی۔
مراسلہ میں کہا گیا گاڑیاں ڈی آئی جیز و سپرنٹنڈنٹ جیلوں کے نام سے الاٹ نہیں کی گئیں، افسران ٹرانسفر و پوسٹنگ کے وقت الاٹمنٹ پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئےگاڑیاں اپنے ساتھ رکھتے ہیں، ایسی صورت میں نئے تعینات ہونے والے ڈی آئی جی و سپرنٹنڈنٹ جیلوں کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتی ہے۔
آئندہ افسر کسی دوسرے اسٹیشن پر ٹرانسفر پوسٹنگ کے وقت اپنے ساتھ سرکاری گاڑی نہیں لے جائے گا،ریجنل دفاتر/جیلوں کو الاٹ کی گئی سرکاری گاڑی متعلقہ علاقائی دفاتر/جیلوں میں رکھی جائے اور اسے اس دفتر/ جیل میں تعینات افسران کے حوالے کیا جائے گا۔
جاری مراسلہ میں مزید کہا گیا کہ مستقبل میں گاڑی کونئے افسرکے حوالےکرنے اور چارج رپورٹ میں سرکاری گاڑی کے حوالے کرنے اورلینے کو بھی شامل کیا جائے گا۔