(ویب ڈیسک) حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں آج مجالس اور جلوس نکالے جارہے ہیں،لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؑ و شہدائےکربلاکےسلسلےمیں شبیہہ تعزیہ کامرکزی جلوس برآمد ہوا جو کہ مقررہ راستوں سےہوتاہوارات کوکربلاگامےشاہ پہنچ کراختتام پذیر ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق چہلم حضرت امام حسینؑ و شہدائےکربلاکےسلسلےمیں شبیہہ تعزیہ کامرکزی جلوس برآمدہوا، مرکزی جلوس حویلی الف شاہ اندرون دہلی دروازےسےبرآمدہوا، جلوس سے قبل حویلی الف شاہ میں مجلس عزا برپا کی گئی،مجلس سےعلامہ شبیہ حیدرشیرازی نےخطاب کیا اورفضائل و مصائب شہدائے کربلابیان کیے، جلوس میں عزاداروں کی نوحہ خوانی اور ماتم داری عزاداروں کے لئے سبیلوں اور نیاز کا اہتمام کیا گیا، چہلم کامرکزی جلوس مقررہ راستوں سےہوتاہوارات کوکربلاگامےشاہ پہنچ کراختتام پذیر ہو گا۔
کراچی میں چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس نشتر روڈ سے نکالاگیا جو کہ امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارا در پر اختتام پذیر ہوگا،کوئٹہ میں چہلم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا، جلوسوں کی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مقررہ راستوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، صدر، کلفٹن سمیت کئی علاقوں میں سروس بند کردی گئی، کراچی میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ صبح 8 بجے بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا، حیدر آباد سمیت متعدد شہروں میں رات 12 بجے کے بعد ہی موبائل فون سروس بند کردی گئی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔