سٹی42: شہریوں کے بجلی کی قیمت اور بھاری بل موصول ہونے پر بڑھتے ہوئے احتجاج سے خوفزدہ ہو کر بجلی کی تقسیم کار اسلام آباد الیکٹرک کمپنی نے اپنے ہیڈ آفس اور دفاتر کی حفاظت کے لئے پولیس کی خصوصی سکیورٹی مانگ لی۔
آئسکو کے سپرنٹنڈنگ انجینئیر راولپنڈی کی جانب سےسٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کو بھیجی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عوام گروپوں کی شکل میں آئیسکو کے دفاتر آ کر بجلی کے بلوں کے حوالہ سے آئسکو کے خلاف اضتجاج کر رہے ہیں۔ آئسکو کے دفاتر میں کام کرنے والے ملازم اس صورتحال میں عدم تحفظ اور بے چینی محسوس کر رہے ہیں۔ یہ صورتحال بہت خطرناک ہے اور اس کا نتیجہ بد امنی، امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے اورر آئسکو کی تنصیبات اور پراپرٹیز کو نقصان پہنچائے جانے کی شکل میں نکل سکتا ہے۔ بجلی کےبلوں سے تنگ مشتعل عوام ائیسکو کے ملازمین پر حملہ کرسکتے ہیں کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے آئسکو کے دفاتر اور تنصیبات پر پولیس کی سکیورٹی مہیا کی جائے۔
آئسکو اور دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو جمعہ کے روز سے شہریوں کی جانب سے بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف سخت احتجاج کا سامنا ہے۔ اس احتجاج کے دوران کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے پولیس کی نفری احتجاج کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ جاتی ہے جبکہ تمام کمپنیوں کے دفاتر اورر تنصیبات کی حفاظت کے لئے ان کمپنیوں کی اپنی سکیورٹی فورس بھی مستعد رہتی ہے۔ تاہم راولپنڈی میں بجلی تقسیم کار کمپنی نے عوام کے احتجاج میں شدت آنے کے پیش نظر پولیس کی اضافی سکیورٹی طلب کر لی ہے۔