سٹی42:سوشل میڈیا کی شقی القلبی کا ایک خوفناک واقعہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سامنے آیا جہاں ایک عمر رسیدہ شہری بجلی کے زائد بلوں پر شہریوں کے احتجاج کے دوران پل سے سڑک پر گر کر بے ہوش ہو گئے، بعض لوگوں نے ان کے گرد جمع ہو کر شور مچا دیا کہ بزرگ شہری نے بجلی کا بل زیادہ آنے کی وجہ سے خودکشی کر لی۔ کسی ستم ظریف نے بے ہوش بززرگ شہری کے جسم پر سفید چادر بھی ڈال دی جو روایت کے مطابق لاش پر ڈالی جاتی ہے۔
اسی دوران اسلام آباد پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے، انہوں نے بزرگ شہری کی نبض دیکھی، وہ بے ہوش تھے، پولیس نے ایمبولینس کال کر کے بزرگ شہری کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا، ایمبولینس میں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی، بعد ازاں ہسپتال مین ان کی مکمل علاج کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اب وہ بزرگ شہری الحمدللہ ٹھیک ہیں اور اپنے گھر پر موجود ہیں۔
سوژل میڈیا پر جن لوگوں نے ان کی خودکشی کی فیک نیوز پوسٹ کی انہوں نے اب تک یہ پوسٹیں نہیں ہٹائیں۔ اور بہت سے حقیقت سے لاعلم شہری ان پوسٹوں پر اب بھی یقین کر رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک (ٹویٹر) اکاونٹ سے بتایا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں،بزرگ شہری احتجاج کے دوران گرے جو بعد میں صحیح سلامت گھر روانہ ہوگئے۔ شہریوں نے اس کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی،شہری ایسی جھوٹ پر مبنی خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں۔ شہری کسی بھی سرگرمی کے متعلق پکار 15 پر اطلاع دیں۔