مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کا کام جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن سے ن لیگ کے وفد کی ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ ووٹرز کے اندراج کے لیے الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان کرے۔
بعد ازاں نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اتفاق رائے سے مردم شماری منظور ہوئی تھی ، اس وقت تمام جماعتوں کو پتا تھا کہ جب مردم شماری کو نوٹیفائی کرتے ہیں تو الیکشن کمیشن نئی مردم شماری کی روشنی میں حلقہ بندیاں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں 90 دن میں انتخابات کرانے کی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی یقین دہانی کرائی گئی تھی ۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج ہوا ہے تو وہاں سے یہ بات واضح ہوجائے گی کہ مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں کی ضرورت ہے یا نہیں۔
دوسری جانب رہنما مسلم لیگ ن اعظم نذیر تارڑ بولے کہ حلقہ بندیاں 14 دسمبر سے پہلے مکمل کرنا ممکن ہے۔اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ آئين کے تحت 90 دن میں انتخابات ہونا ہیں، اس سے آگے گئے تو آئینی بحران پیدا ہوجائیگا۔