سٹی42:پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ کرکٹ کی دنیا کا ایک یادگار ایونٹ بنانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ دنیا بھر میں کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات کو ایشیا کپ کی تقریبات اور میچوں کو دیکھنے کے لئےپی سی بی کی جانب سےدعوت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس حوالہ سے اہم کامیابی یہ ملی ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر اور نائب صدر کی جانب سے 4 ستمبر کو لاہور آمد کی کنفرمیشن کر دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے تمام رکن ممالک کو دعوت نامے بھجوائے ہیں۔
ایشیا کپ کے لیے آئی سی سی کے چیئرمین، نائب چیئرمین، چیف ایگزیکٹو اور جی ایم کرکٹ کو دعوت نامے بھجوائے گئے ہیں، آئی سی سی کے رکن ممالک کے کرکٹ بورڈز کی اہم شخصیات کو بھی ایشیا کپ کے میچز دیکھنے کے لیے دعوت دی گئی ہے۔ بھارتی بورڈ کے صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا کو بھی دعوت دی گئی۔ اے سی سی کےسیکریٹری جے شاہ کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا۔
راجر بنی اور راجیو شکلا کی جانب سے اپنی پاکستان آمد کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ پی سی بی کی دعوت پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا 4 ستمبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
بی سی سی آئی صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا 4 سے 6 ستمبر لاہور میں ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق راجیو شکلا اور راجر بنی گورنر ہاؤس میں عشائیے میں بھی شریک ہوں گے۔ ہمسایہ کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کے دورے کے دوران پی سی بی اور بی سی سی آئی کے عہدیداران میں ملاقات بھی شیڈولڈ ہے، بی سی سی آئی آفیشلز لاہور میں ایشیا کپ کے میچ بھی دیکھیں گے۔
سات ستمبر کو دونوں مہمان پاکستان سے روانہ ہوجائیں گے۔دونوں عہدیداران سری لنکا میں پاک بھارت میچ دیکھنے کے بعد پاکستان کا رخ کریں گے۔