(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی واپسی کیلئے عدالتوں سے ریلیف لینے کا فیصلہ کرلیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل ان پر قائم مقدمات اور نااہلی ختم کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، اس سلسلے میں نواز شریف کی قانونی و آئینی امور کی ماہر اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت مکمل ہو گئی ہے، جس میں انہوں نے لیگل ٹیم کو رِٹ پٹیشنز کی تیاری کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وطن واپسی ہو تو تاحیات نااہلی، قید و جرمانے کی سزائیں اور دیگر تمام کیسز ختم ہو چکے ہوں۔
نواز شریف نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی کہ عدالت میں رِٹ پٹیشن دائر کر کے زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل کرنے کی استدعا کی جائے اور ضرورت پڑنے پر ضمانت قبل از گرفتاری کا آپشن بھی استعمال کیا جائے۔