عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ ملتوی

26 Aug, 2022 | 09:13 AM

ویب ڈیسک: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ ملتوی ہو گیا۔

عمران خان اور پرویز الٰہی نے سیلاب سے متاثرہ علاقے روجھان کا دورہ کرنا تھا اور روجھان میں شمش آباد کے قریب انڈس ہائی وے پر ہیلی پیڈ بھی تیار کر لیا گیا تھا۔موسم خراب ہونے کی وجہ سے عمران خان اور پرویز الٰہی کا دورہ روجھان ملتوی کر دیا گیا۔

عمران خان نے دورے کے موقع پر پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے بھی ملاقات کرنی تھی۔یاد رہے کہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث پنجاب کا ضلع راجن پور مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا ہے، انتظامی مشینری غائب ہے، علاقے میں خوراک کی قلت ہے، بچے اور بڑے سب بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔

ڈیرہ غازی خان بھی 20 دن سے بارشوں اور سیلابی ریلوں کی زد میں ہے، پانی کی رفتار سے شہر کو بھی سیلابی خطرے کا سامنا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کو خطرہ نہيں ہے، پانی دیہی علاقوں کی طرف جا رہا ہے۔

مزیدخبریں