(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ نے سرکاری و نجی سکولز اور کالجز مزید 2 روز بند رکھنےکا اعلان کردیا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صوبے بھر میں 26 اور 27 اگست کو سندھ بھر میں سرکاری و نجی سکول اور کالج بند رہیں گے، موسم کی صورت حال کے پیش نظر مزید تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلے کا اطلاق سندھ بھر کے تمام نجی و سرکاری سکولوں اور کالجوں پر ہوگا۔
صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہےکہ سندھ کےکئی اضلاع میں اب بھی سیلابی صورت حال ہے، سندھ کے بیشتر سکولز اور کالجز زیر آب ہیں، سکولز اور کالجز متاثرین کے ریلیف کیمپس میں بھی تبدیل کیےگئے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر برائے بورڈز وجامعات اسماعیل راہو کا کہنا ہےکہ کراچی کے علاوہ تمام ڈویژنز میں جامعات اور بورڈز جمعہ اور ہفتہ بند رہیں گے، کراچی میں جامعات اور بورڈز معمول کے مطابق کھلیں گے۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی کا کہنا ہےکہ 26 اور 27 اگست کو ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئےگئے ہیں، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔
خیال رہےکہ 24 اور 25 اگست کو بھی صوبے میں بارشوں کی پیشگوئی کے باعث سرکاری و نجی اسکول اور کالج بند رکھنےکا اعلان کیا گیا تھا ۔