(جنید ریاض) صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کے معاملہ پر یوٹرن لے لیا، کہتے ہیں سکول کھلنے سے قبل تمام اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ صرف ایک تجویز تھی، ٹیسٹ کروانے کا حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس میں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں سکول کھلنے سے قبل تمام اساتذہ کیلئے کورونا رپورٹ جمع کروانا لازمی قرار دیا تھا، ہر ٹیچر کو اپنی مدد آپ کے تحت کورونا ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے اساتذہ کے سرکاری خرچ پر ٹیسٹ نہ کروائے تو اساتذہ سکولوں میں داخل نہیں ہوں گے بلکہ گیٹ پر ہی دھرنا دیں گے، صوبائی وزیر تعلیم زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کریں۔
اساتذہ کی جانب سے شدید ردعمل پر صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے فیصلہ ذاتی رائے قرار دے دیا، شدید ردعمل کو دیکھتے ہوئے مراد راس نے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر فیصلہ تبدیل کرنے کا عندیہ دیا۔
مراد راس کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ 7 ستمبر کو بین الصوبائی کانفرنس میں کیا جائے گا، تمام اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ کروانا صرف ایک تجویز تھی، نرسری سے چوتھی جماعت کے بچوں کو پہلے مرحلے میں سکول نہ بلانے کی تجویز زیر غور ہے، حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہوگا۔
واضح رہےکہ لاہور میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 15 مارچ کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اس میں بتدریج اضافہ ہوا، حکومت نے کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے 23 مارچ کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کیاتھا، جسے 4 اگست کو کورونا کیسز میں کمی آنے پر ختم کیا گیا، لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد تفریح گاہیں، شاپنگ مالز، کاروباری مراکز اور بازارکھل گئے ہیں تاہم شادی ہالز، سکولز ، سینما گھر تاحال بند ہیں۔