کینال روڈ (فہد بھٹی،حسن خالد) کینال روڈ پر ایف سی کالج انڈر پاس کے بعد کچھ اور علاقوں میں بھی کھلےعام منشیات فروشی کا انکشاف ہوا ہے۔ سٹی 42 کی نشاندہی پر پولیس نے گزشتہ روز کینال روڈ پر نشیئوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 30ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف سی کالج انڈر پاس اور اس کے گرد نشیئوں نے ڈیرے ڈال رکھے تھے، اس طرح یہ منشیات فروشی کا ہاٹ سپاٹ بھی بن گیا۔گزشتہ روز سٹی 42پر رپورٹ جاری ہونے کے بعد پولیس نے ایف سی کالج انڈر پاس میں نشیوں اور انہیں منشیات فراہم کرنے والوں کیخلاف آپریشن کیا اور 30افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن نے کہا ہے کہ منشیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، شہر کے اہم چوراہوں، نہر، انڈر پاسز سمیت مختلف مقامات پر نشئی افراد کے ڈیروں کا تدارک کیا جارہا ہے۔منشیات فروشوں کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن نے کہا کہ شہری منشیات کا دھندہ کرنے والوں کے بارے پولیس کو آگاہ کریں۔
پولیس کے مطابق رواں سال اب تک 5471 منشیات فروش گرفتار کیے گیے، جن کے قبضے سے 66 کلو گرام سے زائد ہیروئن، 2ہزار کلو گرام سے زائد چرس، 3 کلو 640 گرام آئس برآمد کی گئی ہے، گرفتار ہونے والے منشیات کے عادی افراد کو صدر ڈویژن میں بننے والے بیگر ہاؤس میں منتقل کیا جائے گا، مغلپورہ کا علاقہ لال پل بھی منشیات فروشی کا اڈا بن گیا، سرعام منشیات کی فروخت، نوجوان نسل تباہ ہو نے لگی۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ لال پل اور اس کے اردگرد منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، پولیس ان منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی نہیں کرتی۔