ارکان اسمبلی کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی: عثمان بزدار

26 Aug, 2020 | 11:15 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی رامے) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر وائلڈ لائف،فشریز اینڈ اشتمال اراضی سید صمصام علی شاہ بخاری نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سابق دور کی خرابیاں درست کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال بھی موجود تھے۔ 

سید صمصام بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔

وزیراعلیٰ پارلیمانی سیکرٹری نذیر چوہان نے بھی ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ عثمان بزدار نے ارکان اسمبلی کو حلقوں کے مسائل حل کرنے، جاری منصوبوں میں مداخلت برداشت نہ کرنے اور یقینی پیش رفت کی یقین دہانی کرائی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے منصوبوں میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔

 علاوہ ازیں مسلم لیگ( ن) سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کا وزیر اعلی پنجاب سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، رکن اسمبلی اشرف انصاری نے وزیر اعلی پنجاب سے ایک بارپھر ملاقات کی۔ اس موقع پریونس انصاری اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

 اشرف انصاری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل اور گوجرانوالہ کے ایشوز سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعلیٰ نے عوامی مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کے شہریوں کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔ گوجرانوالہ میں سیوریج کے مسائل کے دیرپا حل کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کو موٹروے سے لنک کرنے کے حوالے سے بھی جلد خوشخبری دیں گے۔ 

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اشرف انصاری نے ن لیگ سے تعلق رکھنے والے مزید اراکین کی ملاقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔

مزیدخبریں