کورونا کے 450 نئے کیسز رپورٹ، مزید 9 اموات

26 Aug, 2020 | 11:20 AM

Shazia Bashir

(مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک میں عالمی وبا کورونا کے فعال کیسزکی تعداد صرف 9 ہزار 31 رہ گئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 450 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا کے 450 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں کورونا کیسز  کی تعداد2 لاکھ 93 ہزار 711 تک جا پہنچی ہے۔

فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 31 ہے اور صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 425 ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا سے مزید 9 اموات ہوئیں جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 6ہزار 255 ہو گئی۔ سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 456 ہو گئی.

دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں 96 ہزار 391 ، کے پی میں  35796، بلوچستان میں 12560، اسلام آباد میں 15531 ، آزاد جموں و کشمیر 2257 اور گلگت بلتستان میں 2720 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24 ہزار 231 ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں اب تک 24 لاکھ 87 ہزار 744 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

 

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔  درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت کم ہورہی ہے تاہم فی الحال شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا مکمل طور پر ختم ہوسکے،شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔ 

 

مزیدخبریں