لاہوریئے خبردار! اربن فلڈنگ کا الرٹ، محکموں کو تیار رہنے کا حکم

26 Aug, 2020 | 11:46 AM

Sughra Afzal
Read more!

لوئر مال (راؤ دلشاد، جنید ریاض) آئندہ72 گھنٹے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی پر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا، لاہور میں ایک مرتبہ پھر اربن فلڈنگ کے خدشے کا  اظہار کر دیا گیا، انتظامیہ اور الائیڈ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق 26 سے 28 اگست تک بارش برسانے والا سسٹم پنجاب کے مختلف اضلاع میں موجود رہے گا، بارشوں کے نئے سلسلے سے لاہور میں ایک مرتبہ پھر اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا، انتظامیہ کو کسی بھی نقصان سے بچنے کیلئے قبل از وقت انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

لاہورمیں اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، شہرکو محرم الحرام میں بڑی سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، لاہور اور دیگر شہروں میں بارشوں سے متعلق جاری ہائی الرٹ میں متعلقہ انتظامیہ کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راوی سمیت دیگردریاؤں میں ون کیٹیگری سیلاب آنے کا خطرہ ہے، دریائے راوی، چناب اور جہلم کے مضافاتی علاقوں میں کہیں موسلادھار تو کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ 

پی ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی بنگال اور بحیرہ عرب سے بارش برسانے والا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے اور مزید بارشوں سے دریائے جہلم میں کیٹیگری ون کا سیلاب ممکن ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم ابرآلود رہنے کا امکان ہے، شہر کے چند مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے،لاہور  شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 اور کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں