پاکستان سوگ میں ڈوب گیا، اہم شخصیت انتقال کرگئی

26 Aug, 2018 | 02:18 PM

Sughra Afzal

(راؤ دلشاد) تحریک پاکستان کا ایک اور چراغ گل ہوگیا، تحریک پاکستان کے نامور کارکن، بزرگ مسلم لیگی اور قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھی سید احمد سعید کرمانی ایڈووکیٹ 95 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔

تحریک پاکستان کے کارکن، بزرگ مسلم لیگی، قائد اعظم کے ساتھی سید احمد سعید کرمانی ایڈووکیٹ طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، ان کی عمر 95 سال تھی،  مرحوم  مسلم لیگ نون کے رہنما سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی کے والد اور  سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کے خالو تھے۔

تحریک پاکستان کے نامور کارکن مرحوم سید احمد سعید کرمانی  1943 سے 1947 تک مسلم سٹوڈنٹ فیڈریشن جنرل سیکرٹری کےعہدے پر فائز رہے تاہم اسی اثنا میں دوسال جیل بھی کاٹی، مرحوم بطور طالبعلم رہنما قائداعظم محمد علی جناح کے قریبی رفقاء میں شامل تھے، مرحوم سید احمد سعید کرمانی نے پہلے وزیراعظم نواب لیاقت علی خان کی جانب سے تشکیل دیئے گئے الیکشن ٹربیونل کے رکن کے طور پر  بھی فرائض سرانجام دیئے۔

مرحوم سید احمد سعید کو قائداعظم نے اسٹوڈنٹ کوٹے سے آل انڈیا مسلم لیگ کونسل ممبر نامزد کیا جبکہ بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ کے کونسل رکن بھی رہے اور بطور صدر کنونشن مسلم لیگ بھی رہے، مرحوم احمد سعید کرمانی 1951 میں پنجاب کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ 1956 سے 1958 تک اور 1962 سے 1966 تک مغربی پاکستان اسمبلی کے ممبر رہے، اس کے علاوہ 1966 سے 1969 تک اطلاعات، فنانس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ریلویز کے وزیر رہے۔

مرحوم سید احمد سعید کرمانی نے 1974 سے 1977 تک اسلامی جمہوریہ مصر اور شمالی یمن میں بطور سفیر بھی فرائض سرانجام دیئے جبکہ 1980 سے 1981 تک لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رہے ۔

مزیدخبریں