(سٹی42) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کیلئے نئی امید ہیں، قوم کی امیدوں کو پورا کرنے کیلئے ہم شب و روز ایک کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے تونسہ کے معززین کے وفد نے ملاقات کی اور عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہر صورت بنے گا اورعمران خان ہی بنائیں گے، ہم سب نے مل کر آگے بڑھنا ہے اور ایک نئے سفر کا آغاز کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خوشحالی کا سفر آپ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہوگا، سب نے مل کر تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ گڈگورننس کے ذریعے کرپشن کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ کریں گے۔