سٹی42: تنزانیہ میں موسمیاتی فنامنا ایل نینو کے زیر اثر طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی. سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 155 افراد ہلاک ہو گئے ۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تنزانیہ کے وزیر اعظم نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں بچوں، بزرگ اور خواتین سمیت 155 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق تباہ کن بارشوں سے 51 ہزار سے زیادہ گھر اور 2 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ، سیلاب کی وجہ سے 236 افراد زخمی بھی ہوئے ۔
دارالحکومت دودوما میں پارلیمنٹ کو بتایا گیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواﺅں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ساتھ ہونے والی شدید ایل نینو بارشوں نے کافی نقصان پہنچایا ۔
واضح رہے کہ تنزانیہ اور مشرقی افریقہ کے دیگر ممالک موسمیاتی تبدیلی کے باعث انتہائی خطرے سے دوچار ہیں اور موجودہ برسات کے موسم کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی زد میں ہیں، کینیا میں بھی بارشوں کے سبب درجنوں اموات کی اطلاع ہے۔