طوفانی بارش اور ژالہ باری کا امکان، الرٹ جاری

26 Apr, 2024 | 05:03 PM

علی رامے : پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے 29 اپریل تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری کے امکان کا انتباہ جاری کیا ہے۔

ملک بھر میں 26 سے 28 اپریل کے دوران، جنوبی پنجاب کے اضلاع میں خصوصی طور پر شدید بارشیں متوقع ہیں۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاﺅالدین، گوجرانولا، اور گجرات میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، اور ٹونہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔ جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، پاکپتن، اور ساہیوال میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر، ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ، اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ کیا گیا ہے۔ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، واسا، پنجاب پولس، اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ موسمی انتباہات کا خیال رکھیں اور محتاط رہیں۔

مزیدخبریں