پنجاب : جیلوں میں فضائی نگرانی کے لئے ڈرون کیمروں کی خریداری

26 Apr, 2024 | 04:41 PM

علی ساہی: پنجاب میں جیلوں کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ایک جدید قدم اٹھایا گیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر  میں جیلوں کی فضائی نگرانی کے لئے 100 ڈرون کیمروں کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جیل حکام کے مطابق، بڑی جیلوں میں تین اور چھوٹی جیلوں میں دو ڈرونز کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ پنجاب بھر کی بیالیس جیلوں کی مانیٹرنگ کے لئے مجموعی طور پر 100 ڈرون کیمرے خریدے جائیں گے۔

یہ کیمرے جیل کی بیرکس، بیرونی دیواروں اور حساس مقامات کی نگرانی میں استعمال کئے جائیں گے۔ ہنگامی آرائی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھی ڈرون کیمرے موثر ثابت ہوں گے۔

آئی جی جیل کے مانیٹرنگ سیل سے منسلک کئے جانے والے یہ کیمرے سیکیورٹی نقائص کی فوری شناخت اور ان کے دور کرنے میں مدد دیں گے۔ محکمہ جیل نے اس مقصد کے لئے تین کروڑ روپے کے فنڈز کی درخواست کی ہے۔

ڈرون کیمروں کو آپریٹ کرنے کے لئے موجودہ سٹاف کو خصوصی تربیت دی جائے گی۔ فنڈز کی فراہمی کے بعد، جلد ہی ٹینڈر کرکے خریداری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

یہ اقدام جیلوں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش قدمی ہے اور یہ توقع کی جاتی ہے کہ اس سے جیلوں کے ماحول کو مزید محفوظ بنایا جا سکے گا۔

مزیدخبریں