لاہور ہائیکورٹ کا پانی ضائع کرنے والوں کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم

26 Apr, 2024 | 02:53 PM

ملک اشرف : پانی کے بچاؤ کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹیزمیں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت، جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں کہاگھر آپ کا وہ نہیں جہاں آپ رہتے ہیں سارا ملک ہمارا گھر ہے، مزدوروں کےعالمی دن پرصفائی مہم شروع کریں۔عدالت نے 3مئی کو عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ پیش ہوئے۔ ماحولیاتی کمیشن کے ممبران نے عدالتی احکامات بارے عملدرآمد رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر جسٹس شاہد کریم نے واسا حکام کو   کہا  کہ پانی ضائع کرنے والوں  کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے۔ عدالت نے پانی کے بچاؤ کے لیے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کاروائیاں تیز  کرنے کا حکم دیا جس پر فاضل جج نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کاروائی بارے عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ جسٹس شاہد کریم  نے  سکولز کے بچوں کے ساتھ صفائی آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی  ہدایت کردی ۔

فاضل جج نے ریمارکس دئیے یکم مئی کو چھٹی ہوگی ، اسی روز سے مہم کا آغاز کیا جائے ، یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بچوں والدین کے ساتھ صفائی مہم شروع کریں ۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے یہ کس قدر زیادتی ہے مزدور اس دن بھی مزدوری کرتا ہے اور ہم چھٹی مناتے ہیں گھر  آپ کا وہ نہیں جہاں آپ رہتے ہیں یہ سارا ملک ہمارا گھر ہے ۔ایل ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوہر ٹاؤن کے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیاں بھی ہورہی ہیں ،کیفے والوں نے حکم امتناعے رکھا ہے ، جس کی وجہ سے ان کے خلاف کاروائی نہیں کرسکتے ۔جسٹس شاہد کریم نے کہا محکمہ متعلقہ عدالت میں جاکر حکم امتناعی ختم کروائے ، فاضل جج نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ کے لئے  کیس کی مزید  سماعت  3 مئی  تک ملتوی کردی ہے۔

مزیدخبریں