پاکستان اور ترکیہ کے درمیان محبت کا لازوال رشتہ قائم ہے, اکرام الحق سبحانی

26 Apr, 2023 | 07:45 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ترکیہ حکومت کی جانب سے ’تمغہ حسن کارکردگی‘ سے نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر ترکیہ (انقرہ) میں منعقدہ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے47 رکنی ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے ٹیم لیڈ اکرام الحق سبحانی نے صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردوان سے ’تمغہ حسن کارکردگی‘ وصول کیا۔ رجب طیب اردوان الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ٹیم لیڈ کو تمغہ حسن کاردگی دیتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں خدمات پیش کرکے ترک عوام کے دل جیت لئے، ترکیہ حکومت اور عوام الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی بہن بھائیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔

 اکرام الحق سبحانی نے رجب طیب اردوان، ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان محبت کا لازوال رشتہ قائم ہے اسی جذبہ کے تحت دونوں ممالک کے عوام آفت کی کسی بھی گھڑی میں ایک دوسرے کی دل وجان سے مدد کیلئے تیار رہتے ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے ترکیہ حکومت کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن کو ’تمغہ حسن کارکردگی‘ ملنے پر الخدمت کے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن ٹیم کے رضاکاروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ترکیہ حکومت کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کیلئے ’تمغہ حسن کارکردگی‘ کا دیا جانا پوری قوم کیلئے باعث افتخار ہے۔ 

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن نے امدادی سرگرمیوں کےلئے ”قرض بھی۔۔۔ فرض بھی“ مہم کا آغاز کیا گیا۔ وزارت داخلہ ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ (اے ایف اے ڈی) کی خواہش پر الخدمت کے رضاکاروں کی 47 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں روانہ کی گئی جسے اے ایف اے ڈی نے پاک 10 کا نام دیا گیا، یہ ٹیم ملبے میں انسانوں کی تلاش کے جدید آلات سے لیس تھی۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے 10 دن زلزلہ متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اور ملبے سے زخمیوں اور نعشیں نکالنے میں دنیا بھر سے آئی ریسکیو اینڈ سرچ ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کیا،اس کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تازہ کھانا، خیمے، کمبل، کپڑے، ہائی جین کٹس اور ترپال بھی پہنچائے جاتے رہے۔

مزیدخبریں