مانیٹرنگ ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس دوپہر بارہ بجے جبکہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کا اجلاس شام چار بجے طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا، جس کا نو نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں ٹریڈمارک ترمیمی بل 2023 پر قانون سازی، ماہانہ بنیاد پر گیس میٹر کےکرائے میں اضافے اور ملک میں مہنگائی کے شرح میں اضافے پر توجہ دلاو نوٹس پر بات کی جائے گی۔
علاوہ ازیں نکتہ اعتراض ،وقفہ سوالات ، اور قائمہ کمیٹی منشیات کی رپورٹ بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس دوپہر بارہ بجے وزیر اعظم ہاؤس میں طلب کیا ہے، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی جبکہ ایم کیو ایم کے مردم شماری پر تحفظات دور کرنے کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔
بعد ازاں وزیر اعظم کی جانب سے شام 7 بجے تمام اتحادی جماعتوں کے ارکان کے اعزاز میں عید ملن عشائیہ بھی دیا جائے گا