(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف چین کی ناظم الامور محترمہ پھینگ چنگ زو سے ملاقات کی ،کراچی میں وین دھماکے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور تعزیت کی، چین کے صدر شی جن پنگ کے لئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے کا دورہ کیا اورچین کی ناظم الامور محترمہ پھینگ چنگ زو سے ملاقات کی اورکراچی میں وین دھماکے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس اور تعزیت کی ، وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کے لئے خصوصی تعزیتی پیغام بھی تحریر کیا ، وزیراعظم شہباز شریف نے جامعہ کراچی میں وین دھماکے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اپنے ' آئرن برادرز' پر وحشیانہ حملے پر پوری پاکستانی قوم صدمے اور غم کی حالت میں ہے، پورا پاکستان چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتا ہے، دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستانی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے، واقعے کی تیزی سے تحقیقات کریں گے اور مجرموں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنائیں گے۔
مجرموں کی گرفتاری اور سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چینی باشندوں کی جان لینے والوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکائیں گے،پاکستان اور چین کے درمیان آہنی تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کراتے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے جسد خاکی اور زخمیوں کی احترام سے گھروں کو واپسی کے لیے تمام انتظامات کریں گے،پاکستان میں چینی باشندوں اور اداروں کی سکیورٹی بڑھانے اور فول پروف بنانے کا حکم دے دیا ہے،مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
واقعہ کی مزید تحقیقات کے لئے وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی ہے، چین کی ناظم الامور محترمہ پھینگ چنگ زو سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ بھی تھے۔