(فاران یامین) تھانہ ملت پارک کی حدود یتیم خانہ چوک میں معمولی تلخ کلامی پر چھریاں چل گئیں جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار سمیت ایک شہری زخمی ہوگیا جنہیں طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
پولیس کے مطابق یتیم خانہ چوک میں وجاہت نامی نوجوان کی ملزم خرم سے تلخ کلامی ہوئی، وجاہت نے اپنے والد جو ملت پارک تھانہ میں بطور سب انسپکٹر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے انہیں کال کرکے بلالیا، ان کے آنے پر لڑائی مزید بڑھ گئی، خرم نے سب انسپکٹر لطیف اورگاڑی کے ڈرائیور کو بھی چھریاں مار کر زخمی کر دیا، ملزم نے ڈرامائی انداز میں تین افراد زخمی کرکے تین تھانوں کی پولیس کی دوڑیں لگوا دیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سمن آباد، نواں کوٹ اور ملت پارک پولیس موقع پر پہنچ گئی پھر بھی ملزم پولیس کے ہتھے نہ آیا، تو شہریوں نے15 پر کال کردی جس پرڈولفن فورس نے ملزم کو رنگے ہاتھوں آلہ وار کٹر سمیت گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشن کی جانب سے فوری طور واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم خرم کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔