جہانگیر ترین گروپ کی عمران خان سےکل اہم ملاقات متوقع

26 Apr, 2021 | 08:51 PM

M .SAJID .KHAN

(قذافی بٹ)وزیراعظم عمران خان، جہانگیر ترین ملاقات کا معاملہ، تحریک انصاف سے ترین گروپ نہ نکلے، مصالحت کار متحرک،وزیر اعظم کی کل ہم خیال گروپ سے ملاقات کا شیڈول طے ہوگیا، جہانگیر ترین نےبھی شہر اقتدار اسلام آباد میں ڈیرے ڈال لئے۔

تفصیلات کے مطابق  جہانگیرترین گروپ کے 32 اراکین کل ایوان وزیراعظم میں عمران خان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں صرف دو پوائنٹ ایجنڈا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین ہم خیال گروپ ترین کیس کی شفاف انکوائری کا مطالبہ کرے گا۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کے نام معہ ثبوت وزیر اعظم کو پیش کئے جائیں گے، وفد دوپہر 1 بجے جہانگیر ترین کی اسلام آباد رہائش گاہ پراکٹھا ہوگا اور ساڑھے تین بجے وزیر اعظم ہاؤس ملاقات کے لئے پہنچے گا۔

وزیراعظم سےملاقات کرنے والےاراکین میں قومی اسمبلی کے راجہ ریاض ، سیمی گیلانی،ریاض مزاری،خواجہ شیراز، مبین عالم انور ، جاوید وڑائچ، غلام لالی، غلامی بی بی بھروانہ،فیض الحسن شاہ،صاحبزادہ محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی کے اراکین میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ ،امیر محمد خان، رفاقت گیلانی،فیصل جبوانہ ،خرم لغاری ،اسلم بھروانہ ، عمر آفتاب، طاہر رندھاوا، نذیر بلوچ،عمر شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں   پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے گروپ میں 3 اور اراکین شامل ہو ئے تھے،جھنگ سے تحریک انصاف کے ایم این ایز صاحبزاده محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی جبکہ راولپنڈی سے پنجاب اسمبلی کے رکن تنویر بٹ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں