قذافی بٹ :لاہور میں کوروناوائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ، پاک فوج کےجوانوں نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے گشت شروع کر دیا ہے۔ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہماراساتھ دیں، خود بچیں اورملک کوبھی بچائیں.
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی درخواست پرانتظامیہ کی مدداور کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لئے پاک فوج نےشہر میں چارج سنبھال لیاہے،گلبرگ کے علاقے میں پاک فوج کے جوانوں نے گشت کیا۔
پاک فوج کی گاڑیوں پر کورونا سے بچاؤ کا پیغام بھی لکھا گیا ہے، کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہماراساتھ دیں، خود بچیں اورملک کوبھی بچائیں۔محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ سے پاک فوج کی خدمات طلب کی تھیں۔
دوسری جانب شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 10 اموات رپورٹ ہوئیں،سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1304 مریض ریرعلاج ہیں،ہسپتالوں میں835 کورونا کےمصدقہ مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 262مریض تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔673 مریض ہائی ڈپنڈنسی یونٹس اور 369 آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں جبکہ کورونا آئی سی یوز میں 87 فیصد سےزائد گنجائش ختم ہو چکی ہے،آکسیجن کےحامل70 فیصد بیڈز بھی بھر چکے ہیں۔