کیمبرج کا اولیول امتحانات کیلئے طلباء کو بڑا ریلیف

26 Apr, 2021 | 11:27 AM

Arslan Sheikh
Read more!

اکمل سومرو: کیمبرج کے تحت امتحان دینے والے طلبہ کیلئے بڑا ریلیف،کیمبرج نے مئی اور جون کے مہینوں میں امتحان چھوڑنے کی آپشن دے دی،  کیمبرج اکتوبر میں دوبارہ امتحانات کا انعقاد کرے گا۔

 لاہور سمیت پاکستان بھر میں برٹش کونسل کے تحت کیمبرج کے ہونے والے امتحانات میں طلباء کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔ کیمبرج انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلہ کے مطابق مئی اور جون کے مہینوں میں امتحانات میں شرکت کے لیے رجسٹرڈ ہونے والے طلباء یہ امتحان چھوڑ سکتے ہیں ان طلباء کیلئے اکتوبر کے مہینے میں دوبارہ امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا۔ طلباء کو اکتوبر کے مہینے میں امتحانات دینے کیلئے دوبارہ فیس بھی جمع نہیں کرانا ہوگی۔

کیمبرج انتظامیہ کے مطابق جن طلباء نے مئی اور جون کے مہینے میں امتحانات نہیں دینے انھیں 17 جون تک انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔ اکتوبر اور نومبر کے مہینے میں منعقد ہونے والے امتحانات کیلئے مضامین کی تفصیلات بھی کیمبرج کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔ کیمبرج نے واضح کیا ہے کہ طلباء جن مضامین کے پرچوں میں شریک نہیں ہوں گے انہی مضامین کا امتحان اکتوبر میں لیا جائے گا اور امتحان میں عدم شرکت کی ٹھوس وجوہات بتانے کی بھی پاپندی نہیں ہوگی۔

یہ بھی ضرور پڑھیں: اے، او لیول امتحانات، لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سنادیا

دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیمبرج سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کیمبرج غیرمعمولی صورتحال کو مد نظررکھے، باقی پیپرز سے متعلق فیصلے پرنظرثانی کرے۔شفقت محمود نے کہا کہ کیمبرج 13ماہ کی شرط پرنظر ثانی کرے ،پرامید ہوں کہ اس پر جلد مثبت فیصلہ آئے گا۔ شفقت محمود نے آج سے شروع ہونے والے امتحانات میں حصہ لینے والے طلباء کےلیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سخت وقت اورمشکل فیصلے کی گھڑی ہے، طلباء کے بہترین مفاد میں یہ فیصلے کیے گئے۔برٹش کونسل ایس او پیز پرسختی سے عملدرآمد کےلیے پرعزم ہے۔ہم ایس او پیز کی کڑی نگرانی کریں گے۔  

مزیدخبریں