حکومت کا ڈاکٹرز اور طبی عملے کو اضافی تنخواہیں دینے کا اعلان

26 Apr, 2020 | 06:08 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر سٹاف کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قوم ڈاکٹروں اور طبی عملے کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ پنجاب حکومت متاثرہ مریضوں کا علاج معالجہ کرنیوالے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو اپریل سے اضافی تنخواہ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء پر قابو پانے تک ڈاکٹروں اور طبی عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی، ڈاکٹروں اور طبی عملے نے دن رات اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کا خیال رکھ کرحقیقی مسیحا ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

پاکستان میں  کورونا وائرس بے قابو ہوگیا ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں  کورونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد265 ہوگئی ہے، مزید نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 12658 تک جا پہنچی۔

لاہور  میں  کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی ہے، جس کے بعد   مہلک وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد36 ہوگئی، ایک ہی روز میں 214  افراد وائرس میں مبتلا ہوگئےجبکہ 42 روز میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1187 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر  پنجاب میں کورونا کے  مریضوں کےاعدادو شمار جاری کیے جس کے مطابق پنجاب میں اس وقت کورونا کے 5378 کنفرم مریض ہیں۔ پنجاب میں 71,726 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، تبلیغی جماعت کے1922  افراد، 768 زائرین،86 قیدیوں  میں  کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پنجاب میں 2602  کورونا کے مشتبہ مریض ہیں،   کورونا وائرس سے اب تک پنجاب میں کل 81 جبکہ لاہور میں 36 افرادزندگی کی بازی ہار چکے ہیں، پنجاب میں 1126 افراد نے کورونا کو مات دیدی جبکہ 28 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مزیدخبریں