پی آئی سی کے3 ڈاکٹرز اور 3 نرسز نے کورونا کو شکست دیدی

26 Apr, 2020 | 03:26 PM

Sughra Afzal

(بسام سلطان)  کورونا وائرس کےمبتلا سروسز ہسپتال میں زیر علاج پی آئی سی کے 3 ڈاکٹر اور 3 نرسز صحتیاب، دو دفعہ رپورٹ منفی آنے پر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، محکمہ صحت کے مطابق صوبہ بھر میں صحتیاب ہونیوالے افراد کی تعداد 1126 ہو گئی۔

کورونا وائرس کو لاہوریئے شکست دینے لگے،آج  کورونا وائرس میں مبتلا سروسز ہسپتال میں زیر علاج پی آئی سی کی تین نرسز اور 3 ڈاکٹرز  کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے، دو دفعہ رپورٹ منفی آنے پر انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 244 نئے مریضوں میں وائرس کی تصدیق کے بعدلاہور میں کنفرم مریضوں کی تعداد 1187 ہو گئی، شہر میں اب تک 36 افراد وائرس کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

 محکمہ صحت کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد تعداد 5 ہزار 378 ہو گئی، 42 روز میں کورونا وائرس  پنجاب میں 81 افراد کی زندگیاں نگل چکا  ہے، پنجاب میں 1126 افراد نے کورونا کو مات دیدی جبکہ 28 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،186 تصدیق شدہ مریض میو ہسپتال ،278 ایکسپو سنٹر میں ،29پی کے ایل آئی میں، 20سروسز میں، 8جناح ہسپتال میں،3 جنرل ہسپتال ، 6 گنگارام ہسپتال میں ، 10 مزنگ ہسپتال، اور7 چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے  کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے، صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزاریں ، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں، گرم پانی پئیں، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔ 

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں گزشتہ 34 روز سے لاک ڈاؤن جاری ہے ،تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، بازار ، دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سےسب سے زیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہورہا ہے۔

مزیدخبریں