سٹی 42 : پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے بعد سوشل میڈیا لوگوں کیلئے معلومات کا ذریعہ بن چکا ہے،سب سے زیادہ جعلی اور سنی سنائی کی خبریں بھی یہیں ملتی ہیں، شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی طبیعت کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن اب ان کی ہلاکت کی خبریں میڈیا اور سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں۔
کم جونگ ان کی موت کی خبر یں ٹوئٹر سمیت دوسری سوشل میڈیا سائٹس پر ٹرینڈ کررہی ہیں۔چند روز قبل امریکی میڈیا نے بتایا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے دل کا آپریشن ہوا ہے جس کے بعد اب کی طبیعت انتہائی ناساز ہے تاہم شمالی کوریا کی جانب سے اس حوالے سے سرکاری طور پر کسی قسم کی تصدیق نہیں کی گئی۔
اب امریکی صحافی ایڈم ہوسلے نے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا ہے کہ ہانگ کانگ کے سیٹیلائٹ ٹیلی ویژن (ایچ کے ایس ٹی وی) کے مطابق کم جونگ ان مر چکے ہیں تاہم امریکا کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
کم جونگ ان کی ہلاکت کی خبریں سامنے آنے کے بعد ہیش ٹیگnorthkorea اور KimJongUnDead سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
امریکی تھنک ٹینک نے نیا دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کم جونگ ان کے زیراستعمال ٹرین کی سیٹلائٹ تصاویر حاصل کرلی ہیں۔برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے نارتھ کوریا مانیٹرنگ پراجیکٹ 38نارتھ نامی اس تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ یہ ٹرین شمالی کوریا کے علاقے ونسان میں لیڈرشپ پلیٹ سٹیشن پر کھڑی دیکھی گئی ہے۔
جاپانی میڈیا کاکہنا ہے کہ کم جونگ ان اندرون ملک ایک دورے کے دوران سینے میں تکلیف کے باعث زمین پر گر پڑے تھے۔ ان کے ہمراہ ایک ڈاکٹر نے ان کا سی پی آر کیا اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ کم جونگ ان کی طبیعت کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے بعد چین نے ڈاکٹرز اور ماہرین کا ایک وفد شمالی کوریا بھجوایا ہے جو اطلاعات کے مطابق انہیں طبی معاونت فراہم کرے گا۔