(حافظ شہباز علی) کورونا وائرس احتیاطی تدابیر کے طور پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اگست تک تمام قومی و بین الاقوامی سرگرمیاں ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا، لاک ڈاؤن کے باعث پی ایچ ایف کے معاشی مسائل بھی بڑھ گئے۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے، قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ ندر لینڈ غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہونے کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی اگست تک تمام قومی اور بین الاقوامی سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں۔
پی ایچ ایف شیڈول کے مطابق قومی جونئیر ہاکی ٹیم نے مئی کے پہلے ہفتے دورہ یورپ میں ہالینڈ ، جرمنی اور بیلجئیم کی جونئیر ٹیموں کے خلاف 12 میچز کھیلنا تھے جو کہ ان ممالک میں کوروناوائرس کی صورت حال کے پیش نظر ملتوی کردیئے گئے ہیں، جبکہ جون جولائی میں قومی ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
جون میں شیڈول جونئیر ایشیا کپ ایشین ہاکی فیڈریشن پہلے ہی ملتوی کرچکی ہے، بین الاقوامی ہاکی مقابلوں کے ساتھ ساتھ پی ایچ ایف نے اگست کے اختتام تک قومی سطح پر بھی کوئی ایونٹ نہ کروانےکا فیصلہ کیا ہے، کورونا وائرس کے حالات نارمل ہونے کی صورت میں اگست سے پہلے قومی جو نئیر ٹیموں کے تربیتی کیمپ لگائے جاسکتے ہیں، تاہم اگست تک کوئی ڈومیسٹک ہاکی ایونٹ نہیں کروایا جائے گا۔
دوسری جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ہاکی فیڈریشن کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، فیڈریشن حکام پرعزم ہیں کہ وہ جلد ان مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ویڈیو فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے ، قومی ہاکی ٹیم انتظامیہ نے دوروز میں 48 کھلاڑیوں کےویڈیو فٹنس ٹیسٹ کئے،مجموعی طور پر کھلاڑیوں کا فٹنس لیول برقرار ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر میں احتیاطی تدابیرپرعمل شروع کردیا گیا تمام ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفتر داخل ہونے سے قبل ہاتھ سینیٹائزر سے صاف کریں, پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر میں ملاقاتی حضرات کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔