بیرون ممالک سے پاکستانیوں کو لانے کیلئے پی آئی اے کا جامع پلان تیار

26 Apr, 2020 | 01:19 PM

M .SAJID .KHAN

(سعید احمد سعید ) بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے وطن واپسی کیلئے پی آئی اے نے بڑا منصوبہ بنالیا۔ پی آئی اے آئندہ15روزمیں103 پروازیں چلائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے برطانیہ، یو اے ای، فرانس، جرمنی ، بحرین قطر، سعودیہ، مسقط، ملائیشیا اوسلو سے پھنسے پاکستانیوں کو 9 مئی تک لانے کا خصوصی مشن مکمل کرے گی۔پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد ، فیصل آباد ، پشاور ، ملتان ، سیالکوٹ  ائیرپورٹس سے چلائی جا ئیں گی۔پی آئی اے ان خصوصی پروازوں سے 20ہزار پاکستانیوں کو بیرون ملک سے پاکستان پہنچائے گا۔ بیرون ملک سے آنے والوں کی ائیرپورٹس پر سکریننگ کے بعد کورونا ٹیسٹ کے لیے کورینٹائن بھیجا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مسافروں کا 14 روز کورینٹائن میں رکھا جائے گا۔پی آئی اےکو سی اے اے کے کورونا سے متعلق ایس او پی پر عمل کرنا ہوگا.پی آئی اے نےلاک ڈائون کے دوران پہلی بار ایک ساتھ 100 سے زائد پروازیں شیڈول کی ہیں۔ایس او پیز کے مطابق مسافروں کے جہاز میں بیٹھنے سے قبل پورے جہاز میں جراثیم کش سپرے کیا جائیگا۔ جہاز کو مکمل طور پر جراثیم سے پاک ہونے کی تسلی خود جہاز کا پائلٹ کرے گا۔ جہاز اڑنے سے قبل متعلقہ ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی جراثیم کش سپرے کا سرٹیفکیٹ جاری کرے گی۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی و بین الاقوامی پروازوں کے لیے ایس او پیز جاری کردیئے، ایس او پیز سپیشل پروازوں اور چارٹر طیاروں کے لیے جاری کیے گئے جو 18 اپریل سے 30 اپریل تک نافذالعمل رہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دبئی میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لانے کے لئے دو خصوصی پروازیں روانہ کی گئیں تھیں۔ بیرون ملک سے آنے والےمسافروں کی لاہور ائیرپورٹ سکریننگ  کے لئےانتظامات مکمل کئے گئے۔ دبئی سے پروازپی کے204 کے ذریعے 250 مسافروں کولاہورلایا گیا جبکہ دوسری پروازپی کے 8702 کے ذریعے  250 مسافروں پہنچے تھے۔مسافروں کو لاہور پہنچنے پر 2 دن کےلیے قرنطینہ میں رکھا گیا۔

مزیدخبریں