کورونا ٹیسٹنگ لیب کے عملے کیلئے اضافی تنخواہ کا اعلان

26 Apr, 2020 | 09:51 AM

Sughra Afzal

مال روڈ(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو اضافی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ کی مرکزی لیب کی انچارج مالیکیولر بیالوجسٹ عندلیب حنیف نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عندلیب حنیف اور لیب کے دیگر عملے کی کورونا ٹیسٹنگ کیلئے خدمات کو سراہا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عندلیب حنیف کو نقد انعام بھی دیا جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے عندلیب حنیف کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو اضافی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے اوپن ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو ہر ماہ اضافی تنخواہ دیں گے اور کورونا کی ٹیسٹنگ کے دوران عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنیوالے عملے کی محنت کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ کورونا ٹیسٹنگ کی لیب میں کام کرنے والے عملے کو تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ یہ امتحان کی گھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مرکزی لیب میں روزانہ 2ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ اب تک 28 ہزار سے زائد مریضوں کے ٹیسٹ اس لیب سے ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں سرکاری خرچ پر افطارپارٹیوں پر پابندی عائد کردی، پابندی کا اطلاق وزراء، سیکرٹریز اور دیگر سرکاری حکام پر ہوگا۔

وزیراعلیٰ  پنجاب  نے کہا کہ کورونا وباءکے باعث ہم نے بچت کرنی ہے اور موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھ کر وسائل کو کورونا کی روک تھام کیلئے خرچ کرنا ہے،سرکاری وسائل کے استعمال میں ڈسپلن کی پالیسی پر سختی سے کاربند رہنا ہوگا۔

مزیدخبریں